فلسطینی پرچم لہرانے پر ترک شائقین سے بدسلوکی، جارجیائی سفیر طلب
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ نے جمعرات کو باتومی میں کھیلے گئے یوئیفا یوروپا لیگ کے میچ کے دوران ترک فٹ بال شائقین کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر جارجیا کے سفیر آرچل کالانڈیا کو طلب کرلیا۔ترکیہ کے کلب بیشکتاش اور اسرائیلی ٹیم ہاپوئل بیر شیوا کے درمیان میچ کے دوران بیشکتاش کے حامیوں نے اسٹینڈز میں فلسطینی پرچم لہرایا، جس کے بعد جارجیائی پولیس نے ترک شائقین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور مرچوں کا اسپرے استعمال کیا۔بیشکتاش کلب نے پولیس کی کارروائی کو ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ جھڑپوں کے باعث میچ تقریباً 30 منٹ تک روکنا پڑا، تاہم بعد ازاں مقابلہ دوبارہ شروع ہوا اور بیشکتاش نے 2-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔ترکیہ کے حکام نے بھی اپنے کلب کے حامیوں کے ساتھ پیش آنے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اس معاملے پر اپنے جارجیائی ہم منصب ماکا بوچوریشویلی سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔واقعے کے بعد حراست میں لیے گئے بیشکتاش کے 16 حامیوں کو سفارتی اور قانونی کوششوں کے نتیجے میں رہا کردیا گیا۔