اسمبلی کی توہین کرنے والے کو ایوان میں بیٹھنے کا حق نہیں، شرجیل میمن

اسمبلی کی توہین کرنے والے کو ایوان میں بیٹھنے کا حق نہیں، شرجیل میمن

کراچی (ترکیہ خبر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اسمبلی کی قراردادوں کو بے وقعت قرار دینے کی بات وہی شخص کر سکتا ہے جو میرٹ کے بجائے غیر قانونی طریقے سے ایوان میں پہنچا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ جو اسمبلی کا احترام نہیں کرتا، اسے ایوان میں بیٹھنے کا بھی حق حاصل نہیں۔سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ووٹ لے کر کامیاب ہونے والا کوئی شخص اسمبلی کی توہین نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق اس قسم کے بیانات جعلی مینڈیٹ، فارم 47 کی پیداوار اور چور دروازے سے ایوان میں آنے والے افراد ہی دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری واضح کر چکے ہیں کہ ان کی جماعت نے کبھی تشدد کی حمایت نہیں کی۔ بلاول بھٹو نے جن شہروں کا ذکر کیا، وہاں ماضی میں تشدد کے واقعات پیش آتے رہے اور شرجیل میمن کے مطابق ان واقعات میں الطاف حسین اور ان کے قریبی ساتھی ملوث تھے۔سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت کسی صوبے سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار متعلقہ صوبائی اسمبلی کو حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب میں بھی وہی مؤقف رکھتی ہے جو سندھ میں اختیار کیا گیا ہے۔ اگر پنجاب اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کو مسترد کرتی ہے تو ان کی جماعت اس فیصلے کو بھی تسلیم کرے گی۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ اسمبلی اب تک 10 مرتبہ ایسی قراردادیں منظور کر چکی ہے جن میں صوبے کو تقسیم کرکے نئے صوبے بنانے کی مخالفت کی گئی ہے۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو کا مؤقف ہے کہ کسی بھی فیصلے پر بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے اور قانون میں ترمیم کا راستہ بھی پارلیمنٹ ہی ہے، ٹی وی ٹاک شوز نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے آج وہ اسمبلی میں موجود ہیں، جبکہ شہید بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کیا ہے۔سندھ میں بدانتظامی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے شرجیل میمن نے انہیں پروپیگنڈا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں سے لوگ علاج کی غرض سے سندھ آتے ہیں، تھر کے کوئلے سے پاکستان کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور صوبے میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ بھی جاری ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.