مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس، علاقائی امن کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق
اسلام آباد (ترکیہ خبر) مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی تزویراتی، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر تینوں ممالک کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق شرکا نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بنیادی اصولوں اور مقاصد پر عملدرآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔اجلاس میں اجتماعی دفاع، باہمی تعاون اور ایک دوسرے کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔کمیٹی نے 31 اگست 2026 کو استنبول میں ہونے والے ابتدائی اجلاس اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ان فیصلوں کو ادارہ جاتی شکل دینے اور متعلقہ ممالک کے قومی قوانین کے مطابق اجتماعی دفاع کے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا عزم برقرار ہے۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے سعودی عرب میں اتحاد کے سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے لیے ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ شرکا نے اتحاد کے ادارہ جاتی معاملات اور رکن ممالک کے درمیان مؤثر رابطہ کاری میں سیکرٹریٹ کے کردار کو اہم قرار دیا۔اجلاس میں سعودی عرب کے شہریوں اور سول تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی۔ شرکا نے معاہدے میں شامل اجتماعی دفاع کی شقوں کے تحت سلامتی کے تحفظ اور متاثرہ فریق کی معاونت کے لیے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا۔اعلامیے میں دفاعی صنعت، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، تاکہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔