استنبول( ترکیہ خبر) پاک بحریہ کے دوسرے میلگیم کلاس کارویٹ پی این ایس خیبر کی کمیشننگ تقریب ترکیہ کے استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان تھے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔صدر ایردوان نے خطاب میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی صنعت میں خودکفالت کے ہدف کی طرف مضبوطی سے پیش رفت جاری ہے، اور آج ترکیہ نہ صرف اپنی بحریہ کی ضروریات پوری کر رہا ہے بلکہ دوست ممالک کو جدید بحری پلیٹ فارمز فراہم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے تیار کیا گیا میلگیم کارویٹ مشترکہ اعتماد، تکنیکی اشتراک اور اسٹریٹجک شراکت داری کی عملی مثال ہے۔ صدر ایردوان نے زور دیا کہ ترک بحری صنعت عالمی سطح پر مو ثر کردار ادا کر رہی ہے، اور ترکیہ آج اپنے جہاز خود ڈیزائن اور تعمیر کرنے کے ساتھ انہیں دوست اور اتحادی ممالک تک پہنچا رہا ہے، جو دفاعی صنعت کی بلوغت کا ثبوت ہے۔