انقرہ( ترکیہ خبر)ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایک ایسا ریسٹورنٹ موجود ہے جہاں قدیم عثمانی دور کے شاہی طرز کے صحت بخش اور خصوصی کھانے تیار کیے جاتے ہیں، جو سیاحوں میں خاصی مقبولیت رکھتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق یہ ریسٹورنٹ عثمانی سلطنت کے دورِ حکومت میں سلاطین کے زیرِ استعمال رہنے والے روایتی کھانوں کو جدید انداز میں پیش کرتا ہے، جن میں ذائقے کے ساتھ صحت کے اصولوں کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔یہ کھانے خاص طور پر اس دور کی شاہی خوراک سے متاثر ہیں جب عثمانی سلطان نہ صرف ذائقے بلکہ غذائیت اور صحت پر بھی خصوصی توجہ دیتے تھے۔ریسٹورنٹ کے ہیڈ شیف نجاد الماس کے مطابق یہاں تیار کیے جانے والے کھانے عثمانی محل کی روایتی ترکیبوں پر مبنی ہیں اور انہیں اسی انداز میں پیش کیا جاتا ہے جیسے بادشاہوں کے دسترخوان پر رکھا جاتا تھا۔شیف کا کہنا ہے کہ اس ریسٹورنٹ کا مقصد عثمانی ورثے اور شاہی کھانوں کی روایت کو زندہ رکھنا ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے سیاح اس تاریخی ذائقے کا تجربہ حاصل کر سکیں۔