آذربائیجانی زبان کے نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی رونمائی

3 ماہ قبل
آذربائیجانی زبان کے نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی رونمائی

باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز میں 28 دسمبر کو “آذربائیجانی زبان” پلیٹ فارم کی باضابطہ تعارفی تقریب منعقد ہوئی۔ اس منصوبے کی مصنفہ اور سربراہ آلینا علیئیوا ہیں۔تقریب میں حیدر علیئیف فاؤنڈیشن کی نائب صدر اور IDEA پبلک یونین کی بانی لیلیٰ علیئیوا، باکو میڈیا سینٹر کی سربراہ ارزو علیئیوا اور منصوبے کی مصنفہ آلینا علیئیوا نے شرکت کی۔ ابتدا میں یونیورسٹی کے ریکٹر کمال عبداللہ نے مہمانوں کو یونیورسٹی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بعد ازاں میوزیم کا دورہ بھی کروایا گیا۔ریکٹر کمال عبداللہ نے خطاب میں جدید ڈیجیٹل ماحول میں آذربائیجانی زبان کے تحفظ، فروغ اور ترقی کے لیے اس پلیٹ فارم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کی قومی اکیڈمی آف سائنسز کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر صدر الہام علیئیف کے خیالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے سائنس دانوں اور نوجوان ماہرین نے اس ضرورت کو احسن طریقے سے پورا کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی بیرونِ ملک آذربائیجانی زبان، ثقافت اور کثیرالثقافتی ماڈل کے مراکز قائم کر رہی ہے اور غیر ملکی طلبہ کو زبان سکھا رہی ہے۔ ریکٹر نے بہتر رابطہ کاری اور ایک کوآرڈینیشن کونسل کے قیام پر بھی زور دیا۔منصوبے کی سربراہ آلینا علیئیوا نے پلیٹ فارم کی رونمائی پر شرکاء کو مبارکباد دی اور منصوبے میں تعاون کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں نائب ریکٹر جالا غریبوا اور منصوبے کی کوآرڈینیٹر سبینا علیئیوا نے پلیٹ فارم کی مقاصد، تکنیکی اور تدریسی صلاحیتوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔وزیرِ سائنس و تعلیم امین امراللایوف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پلیٹ فارم ریاستی زبان کی تدریس و تعلم کے معیار کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل تعلیمی وسائل کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں آذربائیجانی زبان بولنے والوں کی تعداد 50 ملین سے زائد ہے اور یہ پلیٹ فارم خصوصی طور پر غیر ملکی طلبہ اور زبان سیکھنے والوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔پلیٹ فارم انگریزی زبان پر مبنی ہے، جسے دیگر زبانوں میں بھی ترجمہ کیا جا سکتا ہے اور اس میں مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی بھی استعمال کی گئی ہے، تاکہ زبان کی تدریس اور سیکھنے کے عمل کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔