محسن نقوی کا پولیس اکیڈمی میں ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کا حکم
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی و جدید کاری کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے زیرِ تربیت افسران کے لیے قائم نمونہ کمروں کا معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں اجلاس میں اکیڈمی کی جدید کاری کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔محسن نقوی نے کانفرنس روم اور اجلاس گاہ کی دوبارہ تعمیر کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتا نہ ہو۔انہوں نے زیرِ تربیت افسران کے لیے خصوصی دستوں کے طرز کے جدید تربیتی آلات فراہم کرنے اور وسط مدتی انتظامی تربیتی کورس کے لیے ماہر اور قابل اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں نصاب میں ڈیجیٹل پولیسنگ اور مصنوعی ذہانت سے متعلق جدید تربیتی موضوعات شامل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس افسران کی تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا فورس کی کارکردگی اور معیار میں بہتری کے لیے ضروری ہے۔