پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم ہے: چینی سفیر
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں تزویراتی تعاون پر مبنی مضبوط شراکت داری قائم ہے۔چین کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اپنی مؤثر سفارت کاری کے ذریعے عالمی سطح پر اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے سمیت دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے قومی مفادات بھرپور انداز میں پیش کیے۔چینی سفیر کے مطابق دونوں ممالک مشکل اور سازگار ہر صورتحال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں پاک چین عملی تعاون کو ہمیشہ خصوصی اہمیت دی ہے۔