استنبول( ترکیہ خبر) شام کے صدر احمد الشراع نے انطالیہ میں امریکا کے خصوصی ایلچی ٹام بیراک سے اہم ملاقات کی، جسے سفارتی سطح پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔شامی صدارت کے جاری بیان کے مطابق ملاقات صدر الشراع کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ حسین السلامہ بھی شریک تھے۔امریکی ایلچی ٹام بیراک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا کہ بڑے رہنما مشکل حالات میں بھی ایک دوسرے کو پہچان لیتے ہیں، اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعتماد درست ثابت ہوا۔واضح رہے کہ انطالیہ سفارتی فورم کا پانچواں اجلاس جمعہ سے شروع ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت، وزرائے خارجہ اور عالمی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔یہ فورم صدر رجب طیب اردوان کی سرپرستی میں منعقد ہو رہا ہے اور اتوار تک جاری رہے گا، جہاں عالمی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے پر غور کیا جائے گا۔