ترکیہ خبر

لتھوانیا کے وزیر خارجہ کا یورپی علیحدہ دفاعی ڈھانچے کی مخالفت، نیٹو کو مضبوط بنانے پر زور

لتھوانیا کے وزیر خارجہ کا یورپی علیحدہ دفاعی ڈھانچے کی مخالفت، نیٹو کو مضبوط بنانے پر زور

انطالیہ( تر کیہ خبر) کستوتیس بودریس نے یورپ میں الگ دفاعی ڈھانچہ قائم کرنے کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی ممالک کو اپنی تمام تر توجہ نیٹو کے موجودہ نظام کو مزید مضبوط بنانے پر مرکوز کرنی چاہیے۔یہ بات انہوں نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم 2026 کے موقع پر انادولو نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک ابھی تک نیٹو کے طے شدہ اہداف اور دفاعی منصوبوں پر مکمل عملدرآمد نہیں کر سکے، اس لیے اکیلے یورپی دفاعی نظام کی بات قبل از وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ جب یورپ امریکہ سمیت نیٹو کے مشترکہ اہداف ہی پورے طور پر حاصل نہیں کر پا رہا تو علیحدہ دفاعی ڈھانچہ مؤثر ثابت نہیں ہو سکتا۔یورپی فوج کے قیام سے متعلق جاری بحث پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ نیٹو کے متوازی کسی بھی نظام کی تشکیل غیر مؤثر اور غیر عملی ہوگی۔ان کے مطابق یورپ کو نیٹو کے اندر اپنی ذمہ داریوں کو مزید بہتر بنانا ہوگا، جس میں صرف یورپی یونین ہی نہیں بلکہ ترکیہ، برطانیہ اور ناروے جیسے شراکت دار ممالک بھی شامل ہیں۔کستوتیس بودریس نے کہا کہ آئندہ نیٹو سربراہی اجلاس جو انقرہ میں متوقع ہے، اتحاد کی یکجہتی اور ساکھ کا اہم امتحان ہوگا، جس میں رکن ممالک کو اپنے دفاعی وعدوں کی توثیق اور ان پر عملی عملدرآمد کا عزم دہرانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں نیٹو کی مضبوطی، اتحاد اور یوکرین کی مسلسل حمایت ناگزیر ہے۔