کویت کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر پاکستان کو مبارکباد

کویت کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر پاکستان کو مبارکباد

استنبول( تر کیہ خبر) کویت نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی دفاعی معاہدے پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق کویتی وزیر خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح نے رات گئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔واضح رہے کہ جمعہ کو ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ میں دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تینوں پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ اس کا مقصد مشترکہ دفاعی صلاحیت اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔یہ معاہدہ ریاض، انقرہ اور اسلام آباد کے درمیان کئی برس سے جاری مشاورت کے بعد طے پایا ہے، جس کا مقصد مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی تعاون اور رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال، بالخصوص مقبوضہ مشرقی یروشلم کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، کویتی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد تعاون اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے طریقوں پر بھی گفتگو ہوئی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.