اسرائیل کی جنگ نے خطے کو جنگ کے میدان میں تبدیل کر دیا:صدر اردوان

3 دن قبل
اسرائیل کی جنگ نے خطے کو جنگ کے میدان میں تبدیل کر دیا:صدر اردوان

انقرہ( ترکیہ خبر) صدر اردوان نے دارالحکومت انقرہ میں اپنی جماعت جسٹیس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جنگ نے خطے کو جنگ کے میدان میں تبدیل کر دیا ہے اور پوری انسانیت پر معاشی بوجھ ڈال دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 28 فروری سے شروع ہونے والا یہ تنازع ایک ماہ مکمل کر چکا ہے اور خطرات مسلسل بڑھ رہے ہیں، لیکن ترکی کی ترجیح ملک کو اس آگ سے محفوظ رکھنا ہے۔اردوان نے بتایا کہ ہاکان فیدان نے پاکستان میں سعودی عرب، مصر اور پاکستان کے ہم منصبوں کے ساتھ چار فریقی اجلاس میں شرکت کی، جہاں جنگ کے خاتمے کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔صدر اردوان نے زور دیا کہ ایران کے ساتھ جنگ عالمی امن کو فروغ نہیں دیتی بلکہ نقصان پہنچاتی ہے، اور اس تعطل سے نکلنے کے لیے سفارت کاری، مکالمہ اور مفاہمت سب سے مؤثر ذرائع ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید خونریزی کے بغیر امن کی راہ ہموار ہوگی۔