تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے امریکا کو سخت طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جو ملک حکومت کی تبدیلی کے دعوے کر رہا تھا وہ اب اپنے پائلٹ کی تلاش کے لیے مدد مانگنے کی صورتحال میں آ چکا ہے۔یہ بیان اس واقعے کے بعد سامنے آیا ہے جب ایران نے ایک امریکی جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا اور اس کے پائلٹ کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ صورتحال حکومت کی تبدیلی کے دعووں سے نکل کر اس مقام تک پہنچ گئی ہے کہ اب پائلٹ کی تلاش کی باتیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جو خود کو مسلسل کامیاب قرار دے رہا تھا، اب اسے اپنے ہی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے آغاز میں بڑے بڑے دعوے کیے گئے تھے جن میں حکومت کی تبدیلی جیسے اہداف شامل تھے، تاہم موجودہ حالات ان دعوؤں کے برعکس دکھائی دے رہے ہیں۔