تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق چار کے تحت حملوں کی ترانویں لہر میں اسرائیل کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے اہم عسکری مراکز پر حملے شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق شمالی اور وسطی مقبوضہ علاقوں میں واقع جنگی امدادی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ مغربی گلیلی، حیفہ، کفرکنہ اور کرائیوٹ میں میزائل داغے گئے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا اور یہ کارروائیاں ایک شہید بحری افسر کی یاد میں کی گئیں۔ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تل ابیب میں موساد کے ہیڈکوارٹر کو میزائل حملے میں تباہ کر دیا گیا، جبکہ مختلف شہروں میں عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور گاڑیوں میں آگ لگنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ اسرائیلی دفاعی نظام کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملوں کے نتیجے میں نیگیو کے صنعتی علاقے اور وسطی علاقوں میں متعدد عمارتیں متاثر ہوئیں، جبکہ روش ہائین اور پیتاہ تکوا میں بھی نقصان رپورٹ ہوا ہے۔علاوہ ازیں ایرانی فوج نے اردن، کویت اور بحرین میں امریکی اہداف پر ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جن میں فوجی تنصیبات اور سپلائی مراکز شامل ہیں۔ادھر حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج کو نشانہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیناتا اور مارون الراس کے علاقوں میں میزائل حملے کیے گئے۔ایرانی وزارت صحت کے مطابق حالیہ فضائی حملوں میں مزید شہری ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں پہنچ چکی ہے اور تعلیمی اداروں سمیت بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب ایرانی حکام نے امریکا کے متعدد جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے، تاہم ان دعوؤں کے حوالے سے مختلف بین الاقوامی ذرائع میں متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
ایران کے میزائل حملے، موساد ہیڈکوارٹر تباہ کرنے کا دعویٰ
18 گھنٹے قبل