ترکیہ خبر

انسانی وسائل ہی مستقبل کی ترقی کی ضمانت ہیں: ترک صدر اردوان

انسانی وسائل ہی مستقبل کی ترقی کی ضمانت ہیں: ترک صدر اردوان

استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی وجہ سے تیزی سے تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے، جو صنعتی انقلاب جیسی بڑی تبدیلی کی شکل اختیار کر چکی ہے اور اسے درست طور پر سمجھنا اور منظم کرنا ضروری ہے۔استنبول میں منعقدہ تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی کے چھٹے اسکلز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملازمتوں اور پیداوار کے شعبے میں بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں، جہاں نئی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں جبکہ کئی پرانی ملازمتیں ختم ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی تیزی سے ترقی سے عالمی معیشت میں بڑا انقلاب برپا ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق روبوٹکس مارکیٹ جو اس وقت تقریباً ایک سو ارب ڈالر ہے، 2050 تک پچیس کھرب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ کئی ممالک میں مکمل خودکار فیکٹریاں تیزی سے عام ہو رہی ہیں۔صدر اردوان نے کہا کہ یہ تبدیلی ایک طرف مواقع پیدا کر رہی ہے تو دوسری طرف چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی ملک اپنے انسانی وسائل کو نظر انداز کر کے مضبوط ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔انہوں نے بتایا کہ ترکیہ نے غیر رسمی روزگار میں نمایاں کمی کی ہے اور خواتین کی افرادی قوت میں شمولیت بھی بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کا ہدف آئندہ تین برسوں میں تیس لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ کا ترقیاتی وژن انسانی وسائل پر مبنی ہے اور اس کے لیے حکومت، نجی شعبے، جامعات، یونینز اور سول سوسائٹی کے درمیان مضبوط تعاون ضروری ہے۔