استنبول (ویب ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے خطے کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی یکجہتی کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔حکمران جماعت اے کے پارٹی کے پارلیمانی گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دردناک حالات میں اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔صدر ایردوان نے کہا کہ جو عناصر لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے مقابلے میں سب سے مضبوط جواب اتحاد اور یکجہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو معاشرے کو تقسیم نہیں کرنا چاہیے بلکہ یہ فکری اور انسانی تنوع کا اظہار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکی اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر بھائی چارے کی زبان بولنے اور امن کے پیغام کو مضبوط انداز میں آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ایردوان کے مطابق ترکی اپنے خطے میں کسی تفریق کے بغیر کرد، عرب، ترکمان اور فارسی برادریوں کو ایک مشترکہ تاریخ اور مستقبل کا حصہ سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ تاریخ اور مستقبل پر مبنی نیا سکیورٹی ماڈل ایک مثبت پالیسی ہے جس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔صدر ایردوان نے خبردار کیا کہ خطے میں نئی تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں تاریخ اور مستقبل دونوں سے غداری کے مترادف ہوں گی، کیونکہ صدیوں سے ایک ہی سرزمین پر بسنے والے لوگوں کے درمیان دراڑ پیدا نہیں کی جا سکتی۔
خطے کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی یکجہتی کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے:ترک صدر
واپس خبروں پر
Category:
ترکیہ