ترکیہ خبر

آذربائیجان کی اسپیشل فورسز کا یوم تاسیس، وفاداری اور قربانی کی علامت قرار

آذربائیجان کی اسپیشل فورسز کا یوم تاسیس، وفاداری اور قربانی کی علامت قرار

باکو( ترکیہ خبر)آذربائیجان کی اسپیشل ٹاسک فورسز کو ملکی دفاع میں اہم اور منفرد مقام حاصل ہے، جنہیں خاموش مگر مؤثر کارکردگی کے باعث جدید عسکری تاریخ کا ایک اہم ستون قرار دیا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کی اسپیشل ٹاسک فورسز کے لیے وفاداری صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ طرزِ زندگی ہے، جس کا اظہار ان کے عملی کردار اور قربانیوں سے ہوتا ہے۔ ان کا شعار ہے کہ وفاداری ہی ان کی عزت اور پہچان ہے۔ہر سال 30 اپریل کو ان خصوصی دستوں کے قیام کی یاد منائی جاتی ہے، جو ملک کی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔تفصیلات کے مطابق 1999ء میں آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علییف کے حکم پر مسلح افواج کے اندر ایک انتہائی منظم، تیز رفتار اور اعلیٰ جنگی صلاحیت رکھنے والی یونٹ قائم کی گئی۔اس یونٹ کی تشکیل میں پہلی نگورنو کاراباخ جنگ کے تجربہ کار افسران اور اہلکاروں نے کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ اس کی تنظیم نو ترکیہ کی مسلح افواج اور اسپیشل ٹاسک فورسز کے تعاون سے کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ دستے نہ صرف ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ جدید عسکری تربیت اور بین الاقوامی تعاون کی علامت بھی ہیں۔