لندن / استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مسئلے پر جاری مذاکرات میں اہم اختلافی نکات جلد حل ہونے کے امکانات موجود ہیں، جبکہ مذاکرات پاکستان میں ہفتے کے روز دوبارہ شروع ہوں گے۔آکسفورڈ یونیورسٹی میں ایک پروگرام کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری بات چیت میں ایک یا دو بنیادی معاملات، جو پہلے تعطل کا شکار تھے، حل کیے جا سکتے ہیں۔حاکان فیدان کے مطابق ترکیہ تقریباً روزانہ کی بنیاد پر تمام فریقین سے رابطے میں ہے اور حالیہ جنگ بندی میں توسیع کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر دو ہفتوں کی جنگ بندی کافی نہیں تھی، تاہم اب اس میں توسیع کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ تمام فریقین کی حوصلہ افزائی اور مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ بات چیت نتیجہ خیز ہو سکے۔ترک وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جوہری مسئلے پر پیش رفت نہ صرف براہِ راست تنازع کو کم کر سکتی ہے بلکہ خطے میں کشیدگی، خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال میں بھی بہتری لا سکتی ہے۔