اسلام آباد( ترکیہ خبر) ترکیہ کے ایجوکیشن کونسلر ڈاکٹر مہمت تویران نے یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ اور پنجاب کالج بارہ کہو کے اشتراک سے منعقد کی گئی ترکیہ۔پاکستان دوستی نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ڈاکٹر مہمت تویران نے تقریب میں کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات دیرینہ اور مضبوط ہیں اور دونوں ممالک کے عوام دلوں کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ پاکستان میں ترک زبان، ثقافت اور تعلیم کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ پاکستانی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دے رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے نمائش میں پیش کیے گئے ثقافتی اور تعلیمی مواد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسے ترکیہ۔پاکستان دوستی کی خوبصورت جھلک قرار دیا۔