استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ میں نئے سال کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے داعش کے 357 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ترکیہ کے 12 صوبوں میں کیے گئے بڑے پیمانے پر آپریشنز میں مشتبہ دہشت گرد گرفتار کیے گئے جبکہ یالووا میں گزشتہ روز کارروائی کے دوران 3 پولیس اہلکار شہید اور 6 داعش ارکان ہلاک ہوئے۔ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں اور دہشت گردی کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ترک حکام کے مطابق استنبول میں 110 مشتبہ افراد نئے سال کے موقع پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، انقرہ میں داعش سے تعلق رکھنے والے 17 مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، جن میں 11 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔استنبول میں گزشتہ چند روز کے دوران 100 سے زائد مشتبہ افراد بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں، چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی ضبط کیا گیا۔ترکیہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو ملک میں سرگرم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نئے سال پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی، داعش کے 357 ارکان گرفتار
3 ماہ قبل