یورپی یونین کا ترکی کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

یورپی یونین کا ترکی کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

 استنبول( ترکیہ خبر)یورپی یونین کے اعلیٰ حکام نے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ انقرہ میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے ترکی کو سلامتی، ہجرت اور توانائی کے شعبوں میں ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکی یورپی یونین کا امیدوار ملک بھی ہے۔صدر اردوان سے ملاقات کے بعد کاجا کالاس نے کہا کہ فریقین نے یورپی یونین اور ترکی کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ اچھے ہمسایہ تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں روس اور یوکرین جنگ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور نیٹو سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ان کے مطابق ترکی نیٹو کے مشرقی محاذ کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔دوسری جانب یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور اور ہجرت میگنس برونر نے کہا کہ سلامتی اور ہجرت کے شعبوں میں تعاون دونوں فریقوں کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ دوطرفہ تعلقات کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔اس دورے میں یورپی کمشنر برائے توسیع مارٹا کوس بھی شریک تھیں، جنہوں نے ترکی اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.