صدر اردوان سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
انقرہ( ترکیہ خبر) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے منگل کے روز انقرہ میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس اور ان کے وفد سے ملاقات کی، جس کے بعد صدارتی محل میں بند کمرہ اجلاس منعقد ہوا۔ملاقات میں ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان، ڈائریکٹر کمیونیکیشن برہان الدین دوران اور صدر کے چیف مشیر عاکف چاغتائے کلیچ بھی شریک تھے۔تاحال ملاقات کی تفصیلات سرکاری طور پر جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم یہ دورہ ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور علاقائی و عالمی چیلنجز پر مشاورت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔کاجا کالاس کے ہمراہ یورپی کمشنر برائے توسیع مارٹا کوس اور یورپی کمشنر برائے داخلی امور و ہجرت میگنس برونر بھی ترکی کے دورے پر موجود ہیں، جہاں وہ ترک حکام کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔وفد کی ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ یہ کاجا کالاس کا ترکی کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔مبصرین کے مطابق یورپی یونین کے اعلیٰ حکام کا بیک وقت ترکی کا دورہ عالمی سیاسی تبدیلیوں کے تناظر میں ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات کی بڑھتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔واضح رہے کہ 7 اور 8 جولائی کو انقرہ میں نیٹو سربراہی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت اور حکومت شرکت کریں گے۔ یہ نیٹو کا 36 واں سربراہی اجلاس اور ترکی میں منعقد ہونے والا دوسرا اجلاس ہوگا، اس سے قبل 2004 میں استنبول اس کی میزبانی کر چکا ہے۔