اردوان: ترکی کی دفاعی برآمدات 2025 میں ریکارڈ سطح پرپہنچ گئی

2 ماہ قبل
اردوان: ترکی کی دفاعی برآمدات 2025 میں ریکارڈ سطح پرپہنچ گئی

 ترکی( ترکیہ خبر)صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی نے 2025 میں دفاعی برآمدات کے شعبے میں پچھلے سال حاصل کی گئی رفتار کو برقرار رکھا، جو ملک کی دفاعی صنعت کے استحکام اور ترقی کا واضح ثبوت ہے۔صدر اردوان نے بتایا کہ 2002 میں ترکی کی دفاعی برآمدات صرف 248 ملین ڈالر تھیں، جو مسلسل ترقی کے بعد 2025 میں 9.87 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، یعنی تقریبا چالیس گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے دفاعی اور ایوی ایشن شعبے کی برآمدات کو ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ عالمی سطح پر ترکی کی شناخت مضبوط ہونے کی علامت ہیں۔ صدر اردوان نے کہا کہ آج ترکی دفاعی صنعت کے شعبے میں عالمی سطح پر اپنا نام منوانے والا ملک بن چکا ہے۔صدر اردوان نے اسپین کے ساتھ طے پانے والے HRJET طیارہ فراہمی کے حالیہ معاہدے کو اس پیش رفت کی نمایاں مثال قرار دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ ترکی کے قائدانہ اور پیش رو کردار کی تصدیق کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ HRJET کا کسی یورپی اور نیٹو کے رکن ملک کے دفاعی ذخیرے میں شامل ہونا ترکی کے لیے نئے مواقع اور نئی منڈیوں کے دروازے کھولے گا اور عالمی سطح پر ترکی کے دفاعی اعتماد کو مزید مستحکم کرے گا۔