ایردوان کا ٹرمپ سے فونک رابطہ، غزہ بحران حل پر تبادلہ خیال

2 ماہ قبل
ایردوان کا ٹرمپ سے فونک رابطہ، غزہ بحران حل پر تبادلہ خیال

انقرہ/واشنگٹن( ترکیہ خبر)صدرِ ترکیہ رجب طیب ایردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر بات چیت میں کہا کہ ترکیہ واشنگٹن کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، اور شام میں جنگ بندی کے مکمل نفاذ کے ساتھ ساتھ غزہ میں انسانی بحران ختم کرنے کی کوششوں میں مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ معلومات صدراتی مواصلات کے ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان میں دی گئی ہیں۔فون کال کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیکورٹی، خطے میں استحکام اور انسانی ہمدردی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایردوآن نے کہا کہ ترکیہ امریکہ کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کے اقدامات جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے مفاد میں تعلقات کے تمام شعبوں میں پیش رفت ضروری ہے۔صدر ایردوان نے شام کے حوالے سے ترکیہ اور امریکہ کے درمیان مستقل رابطے اور تعاون پر زور دیا اور کہا کہ جنگ بندی اور انضمام کے معاہدے کے مکمل نفاذ کی ترکیہ کتنی اہمیت دیتا ہے۔ انقرہ اس عمل کی نگرانی امریکہ اور شامی فریقین کے ساتھ مشترکہ طور پر کر رہا ہے۔ایردوان نے غزہ کے امن بورڈ کے کام کی بھی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ اہم پیش رفت میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران ختم کرنا اور دوبارہ تعمیر کے اقدامات شروع کرنا خطے میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے لازمی ہیں۔جنوری کے شروع میں وائٹ ہاؤس نے غزہ کے انتظام کے لیے نیشنل کمیٹی کی منظوری کے ساتھ امن بورڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اس بورڈ کے قیام کے موقع پر جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا آغاز بھی کیا گیا، جس نے اسرائیل کی غزہ پر جارحانہ کارروائی کو روک دیا۔ اکتوبر 2023 سے اب تک اس جنگ میں71,000 سے زائد افراد ہلاک اور171,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔