قاہرہ ( ترکیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے سرکاری دورے کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو ترکی کی پہلی مقامی الیکٹرک گاڑی ’ٹوگ‘ بطور تحفہ پیش کی۔ یہ تقریب صدارتی محل الاتحادیہ میں منعقد ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر گاڑی کا معائنہ کیا اور تصاویر بنوائیں۔اعلامیے کے مطابق پیش کی گئی گاڑی Togg کے ماڈل T10X کا “اناتولیا” رنگ رکھتی تھی، جو ترکی کی ثقافتی شناخت کی نمائندگی کرتا ہے۔ گاڑی کی حوالگی دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر دستخط اور مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد عمل میں آئی۔ صدر السیسی نے خود گاڑی چلائی جبکہ صدر ایردوان ان کے ہمراہ اگلی نشست پر بیٹھے، اور اسی گاڑی میں دونوں رہنما ترکیہ،مصر بزنس فورم کے اختتامی اجلاس میں شریک ہوئے۔صدر ایردوان کی جانب سے یہ تحفہ ترکیہ کی صنعتی اور تکنیکی خودمختاری کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ’ٹوگ‘ جدید ٹیکنالوجی اور ماحول دوست خصوصیات کے ساتھ تیار کردہ پہلی مقامی الیکٹرک کار ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان صنعتی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے کا اشارہ بھی ہے۔اس دوران اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کا دوسرا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے، باہمی تجارت میں اضافے اور نجی شعبے کے روابط بڑھانے کا عزم بھی دہرایا۔ترکیہ،مصر بزنس فورم میں کاروباری رہنماؤں نے مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر گفتگو کی، جس سے تعلقات میں حالیہ بہتری اور اعتماد کی فضا کو مزید تقویت ملی۔