اردوان کا سلامتی کونسل میں منصفانہ اصلاحات اور عالمی بحرانوں سے نمٹنے پر زور
انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے زیادہ منصفانہ اور جامع بنانے پر زور دیا ہے، تاکہ عالمی بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط ہوسکے۔اقوام متحدہ کے دن اور ادارے کے قیام کی 81ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں، جسے ترکیہ کے محکمۂ اطلاعات نے سماجی رابطے کے ترک پلیٹ فارم این سوسیل پر جاری کیا، اردوان نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے تناظر میں اقوام متحدہ کے قیام کا بنیادی مقصد پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا ایسا منصفانہ اور جامع ڈھانچہ تشکیل دینا خاص طور پر ضروری ہوگیا ہے جو عالمی برادری کی توقعات پر پورا اتر سکے۔اردوان نے جاری جنگوں، انسانی بحرانوں، موسمیاتی تبدیلی، بھوک، غربت، نسل پرستی، غیر ملکیوں سے نفرت اور اسلاموفوبیا کو ایسے چیلنج قرار دیا جو اقوام متحدہ کی مسلسل اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو عالمی جنگوں کے بعد آئندہ نسلوں کو جنگ کی تباہ کاریوں سے بچانے کے مقصد کے تحت قائم ہونے والے اس ادارے نے بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے اور ترقی و خوشحالی کے فروغ میں اہم ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔