ترکیہ خبر

آذربائیجان کے آزاد کرائے گئے علاقوں میں سفارتی کور کے نمائندوں کا دورہ

آذربائیجان کے آزاد کرائے گئے علاقوں میں سفارتی کور کے نمائندوں کا دورہ

شوشا( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے آزاد کرائے گئے علاقوں میں سفارتی کور کے نمائندوں کا دورہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے دوران وفد نے تاریخی شہر شوشا کا معائنہ کیا۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی AZƏRTAC کے مطابق وفد نے زیر تعمیر “نیا شوشا مسجد” کا دورہ کیا جہاں جاری تعمیراتی کاموں پر انہیں بریفنگ دی گئی۔شوشا کے خصوصی نمائندے آیدین کریموف نے منصوبے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسجد کا سنگ بنیاد 2021 میں صدر الہام علییف نے رکھا تھا۔ منصوبے کے مطابق مسجد کی عمارت کا ڈیزائن 8 کے ہندسے کی علامت ہے جو یومِ فتح کی نمائندگی کرتا ہے، جبکہ دو مینار 11 کے ہندسے کی علامت ہیں جو شہر کی آزادی کے مہینے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ میناروں کی اونچائی 72 میٹر رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شوشا تاریخی مساجد اور فنِ تعمیر کے حوالے سے ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے اور نئی مسجد اس ورثے میں ایک اہم اضافہ ہوگی۔بعد ازاں غیر ملکی مہمانوں نے قازانچی چرچ کا دورہ کیا اور پھر نیشنل کارپیٹ میوزیم کی شوشا برانچ کا بھی معائنہ کیا۔رپورٹ کے مطابق یہ میوزیم عمارت انیسویں صدی کے دوسرے نصف میں تعمیر ہوئی تھی اور 2021 سے اس کی بحالی کا کام ہائیڈر علییف فاؤنڈیشن کے تحت جاری ہے۔