ترکیہ کو روس و چین کے ساتھ جوڑنے پر یورپی کمیشن پر تنقید
استنبول ( ترکیہ خبر) یورپی پارلیمنٹ کے ترکیہ کے لیے مقررہ نمائندے ناچو سانچیز امور نے یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لائن کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے جغرافیائی سیاسی طور پر غلط قرار دیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یورپی کمیشن کی صدر نے اپنی حالیہ تقریر میں ترکیہ کو روس اور چین کے ساتھ ملا کر یورپ پر اثر انداز ہونے والے ممالک کے طور پر پیش کیا جو ایک غیر متوازن اور غلط تجزیہ ہے۔ناچو سانچیز امور کے مطابق یہ مؤقف یورپی یونین اور ترکیہ کے درمیان سیکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون سے مطابقت نہیں رکھتا۔واضح رہے کہ جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی صدر نے کہا تھا کہ یورپ کو اس انداز میں مکمل کیا جائے کہ یہ روس، ترکیہ یا چین کے اثر و رسوخ سے محفوظ رہے۔