ترکیہ میں تباہ طیارے کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈر مل گیا

3 ماہ قبل
ترکیہ میں تباہ طیارے کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈر مل گیا

انقرہ( ترکیہ خبر) ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے تصدیق کی ہے کہ انقرہ کے قریب گر کر تباہ ہونے والے نجی طیارے کے ملبے سے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر برآمد کر لیے گئے ہیں، حادثے میں لیبیا کے فوجی سربراہ سمیت دیگر افراد ہلاک ہوئے تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی یرلیکایا نے بتایا کہ حادثے کا ملبہ تقریباً تین مربع کلومیٹر کے وسیع علاقے میں پھیلا ہوا ہے۔ ان کے مطابق وزارت مواصلات کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی انویسٹی گیشن سینٹر کی ٹیموں نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ طیارے کا وائس ریکارڈر صبح 2 بج کر 45 منٹ پر جبکہ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر، جسے بلیک باکس کہا جاتا ہے، صبح 3 بج کر 20 منٹ پر ملبے سے نکالا گیا۔ ان آلات کا تکنیکی تجزیہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔علی یرلیکایا کے مطابق تلاش اور بازیابی کے آپریشن میں 408 اہلکاروں نے حصہ لیا، جن کی معاونت کے لیے 103 گاڑیاں اور سات طیارے استعمال کیے گئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 22 رکنی لیبیا کا وفد انقرہ پہنچ چکا ہے، جس میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور لیبیا کی وزارت دفاع اور داخلہ کے حکام شامل ہیں۔ترک وزیر داخلہ نے متاثرہ خاندانوں، لیبیا کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک اور المناک حادثہ قرار دیا۔