ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی پارلیمانی منظوری کیلئے بل پیش
استنبول(تر کیہ خبر) ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کی پارلیمانی منظوری حاصل کرنے کے لیے بدھ کو ترک پارلیمان میں بل پیش کر دیا گیا۔تین شقوں پر مشتمل یہ بل پارلیمان کے اسپیکر نعمان قرتلمش کے دستخطوں کے ساتھ پیش کیا گیا۔ اس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں طے پانے والے ’’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘ کی منظوری حاصل کرنا ہے۔بل کے وضاحتی متن کے مطابق اس معاہدے کا مقصد خطے کے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی بنیاد پر تزویراتی مکالمے اور تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔معاہدے کے تحت مشرقِ وسطیٰ اور اس سے باہر سکیورٹی تعاون اور مشترکہ دفاعی صلاحیت کے ذریعے جارحیت کی روک تھام کے لیے ایک مؤثر نظام قائم کرنے کے ساتھ سلامتی کے مسائل کا علاقائی حل تلاش کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔وضاحتی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ جارحیت کی روک تھام اور خطے میں پائیدار استحکام کے قیام سے درمیانی اور طویل مدت میں سماجی و اقتصادی شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔معاہدے کے تحت تینوں ممالک ایک دوسرے کی آزادی، علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تعاون کرنے کے پابند ہوں گے۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اپنے دفاع کے حق کے استعمال میں ایک دوسرے کی معاونت کرنے کا عہد بھی کیا گیا ہے۔