ترکیے خبر

آذربائیجان تعمیر نو ماڈل عالمی سطح پر نمایاں

آذربائیجان تعمیر نو ماڈل عالمی سطح پر نمایاں

باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان نے 44 روزہ وطن جنگ میں تاریخی کامیابی کے بعد نہ صرف خطے میں نئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کو جنم دیا بلکہ ملک میں تعمیر و ترقی کے ایک منفرد دور کا بھی آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آزاد کرائے گئے علاقوں میں وسیع پیمانے پر بحالی اور تعمیر نو کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں، جو اپنی رفتار اور وسعت کے باعث جدید دنیا میں “آذربائیجان ماڈل” کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی بنیاد جدید، پائیدار اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی شہری منصوبہ بندی پر رکھی گئی ہے۔تین دہائیوں تک قبضے کے باعث تباہ حال ہونے والے شہر اور دیہات کو ازسرِ نو تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں عالمی معیار کے مطابق انفراسٹرکچر قائم کیا جا رہا ہے اور یہ علاقے بڑے تعمیراتی مراکز میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ان اقدامات کے نتیجے میں عالمی سطح پر آذربائیجان کی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث دارالحکومت باکو کو 2026 میں منعقد ہونے والے 13ویں عالمی شہری فورم کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے۔ یہ فورم اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت کاراباخ اور مشرقی زنگزور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی عالمی پذیرائی کا واضح ثبوت ہے۔ فورم کے دوران آذربائیجان بعد از تنازع شہری بحالی کے اپنے کامیاب تجربات دنیا کے سامنے پیش کرے گا جبکہ جدید شہری ترقی کے لیے اسمارٹ سٹی اور گرین انرجی جیسے تصورات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔