آذربائیجان کے نئے سفیر کی صدر زرداری سے ملاقات، سفارتی اسناد پیش
باکو( تر کیہ خبر) پاکستان میں آذربائیجان کے نومنتخب سفیر عرفان داؤدوف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسناد پیش کرنے کی تقریب کے بعد ہونے والی ملاقات میں سفیر عرفان داؤدوف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف کی جانب سے پاکستانی صدر کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔صدر آصف علی زرداری نے نئے سفیر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور آذربائیجان کے صدر کی جانب سے بھیجے گئے پیغام پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اپنے پرتپاک سلام اور احترام کے جذبات آذربائیجان کے صدر تک پہنچانے کی درخواست بھی کی۔صدر مملکت نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی روابط کو معاشی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم بنانے، باہمی تجارت کا حجم بڑھانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔