امریکہ میں آذربائیجان کی ثقافت، فن اور توانائی منصوبوں کو اجاگر کیا گیا
باکو ( تر کیہ خبر) امریکہ میں آذربائیجان کے سفیر خضر ابراہیم نے ریاست پنسلوانیا کے شہروں آئل سٹی اور ٹائٹس ول میں منعقدہ ڈریک فورم میں شرکت کی، جہاں آذربائیجان کی ثقافت، فنونِ لطیفہ اور توانائی کے شعبے میں حکمتِ عملی کو نمایاں کیا گیا۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آذرتاج کے مطابق فورم کے تحت آئل سٹی کی تاریخی عمارت نیشنل ٹرانزٹ بلڈنگ میں قومی قالین عجائب گھر کی ڈائریکٹر امینہ ملیکووا کی کتاب ’’قالینوں میں خوشی: قالین انسان کو خوش رکھنے کی 10 وجوہات‘‘ کی تقریبِ رونمائی ہوئی۔ اس موقع پر شہر کی ثقافتی برادری کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی گئی۔بعدازاں نیشنل ٹرانزٹ بلڈنگ کے قریب واقع پائپ لائن کراسنگ میں آذربائیجان کے سفارت خانے کی میزبانی میں استقبالیہ دیا گیا، جہاں مہمانوں کی تواضع آذربائیجان کی شرابوں اور روایتی مٹھائیوں سے کی گئی۔استقبالیے کے بعد تاریخی عمارت کے نمائشی ہال میں آذربائیجان کی اعزازی مصورہ ایرینا الدارووا کی نمائش ’’تیل اور آئیکون‘‘ پیش کی گئی۔ یہ نمائش ان کے اس منصوبے کا تسلسل ہے جسے 2024ء میں وینس بینالے میں پیش کیا گیا تھا۔ تقریب سے آذربائیجان کے سفیر خضر ابراہیم، قومی قالین عجائب گھر کی ڈائریکٹر امینہ ملیکووا اور ڈریک انرجی فورم کے صدر اینڈریو ٹیلر نے خطاب کیا۔28 مئی کے یومِ آزادی کے حوالے سے آئل سٹی کے میئر جان کلارک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے جواب میں سفیر خضر ابراہیم نے امریکہ اور آئل سٹی کے قیام کی 250ویں سالگرہ کے لیے تیار کردہ اعلامیہ بھی پڑھ کر سنایا۔ڈریک فورم کے دوسرے روز آذربائیجان کے سفیر نے ٹائٹس ول میں واقع ڈریک آئل ویل میوزیم میں ’’توانائی، سلامتی اور عالمی معیشت کا نیا جغرافیہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے میں شرکت کی۔خضر ابراہیم نے اپنے خطاب میں پیچیدہ جغرافیائی و سیاسی حالات کے باوجود آذربائیجان کے اسٹریٹجک توانائی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے ذرائع اور ترسیلی راستوں میں تنوع پیدا کرنے کی پالیسی ملکی خودمختاری مضبوط بنانے، علاقائی تعاون کو فروغ دینے اور استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے