باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کی پارلیمنٹ ملی مجلس کی اسپیکر صاحبہ غفاروا نے استنبول میں بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس کے موقع پر جارجیا کی پارلیمنٹ کے صدر شالوا پاپواشویلی سے ملاقات کی۔آذربائیجان کے سرکاری خبر رساں ادارے AZERTAC کے مطابق ملاقات کے دوران شالوا پاپواشویلی نے صاحبہ غفاروا کو جارجیا کی پارلیمنٹ کا اعزازی تمغہ پیش کیا۔ انہیں یہ اعزاز دونوں ممالک کے درمیان بین الپارلیمانی تعلقات کے فروغ اور عوامی دوستی کو مستحکم بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والی پہلی خاتون پارلیمانی سربراہ ہیں۔گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بین الاقوامی تقریبات جیسے بین الپارلیمانی یونین کا اجلاس عالمی امور پر تبادلہ خیال اور قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہیں۔فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں سربراہان مملکت کے کردار کو کلیدی قرار دیا اور اعلیٰ سطحی دوروں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس تناظر میں الہام علییف کے حالیہ دورہ جارجیا کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ملاقات میں آذربائیجان اور جارجیا کے درمیان پارلیمانی تعاون کے اعلیٰ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ دونوں ممالک کے قانون ساز ادارے نہ صرف دوطرفہ بلکہ مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے پلیٹ فارمز پر بھی فعال تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جو باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
آذربائیجان جارجیا پارلیمانی تعلقات، تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق
واپس خبروں پر
Category:
آذر بائیجان