ترکیہ خبر

آذربائیجان اور سوئٹزرلینڈ میں قانونی تعاون بڑھانے پر اتفاق

آذربائیجان اور سوئٹزرلینڈ میں قانونی تعاون بڑھانے پر اتفاق

باکو ( ترکیہ خبر)آذربائیجان کے پراسیکیوٹر جنرل کامران علیئیف اور سوئٹزرلینڈ کے اٹارنی جنرل اسٹیفن بلیٹلر کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی، جو اس وقت چین کے دورے پر ہیں۔خبر رساں اداروں کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور قانونی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سوئس اٹارنی جنرل نے باکو کے اپنے گزشتہ دورے کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے آذربائیجان میں تیز رفتار ترقی، جرائم کے خلاف مؤثر حکمت عملی اور اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک نے جرائم پر قابو پانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور عالمی و علاقائی سطح پر امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر کامران علیئیف نے کہا کہ جرائم کی نوعیت اب سرحدوں تک محدود نہیں رہی، جس کے باعث مختلف ممالک کے پراسیکیوشن اداروں کے درمیان براہِ راست روابط ناگزیر ہو گئے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے سے قانونی نظام میں ہم آہنگی آئے گی اور عملی مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔ملاقات کے دوران فوجداری مقدمات میں باہمی قانونی معاونت، مجرموں کی حوالگی اور تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے جیسے اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی۔واضح رہے کہ کامران علیئیف کی قیادت میں وفد اپنے چینی ہم منصب کی دعوت پر شنگھائی کے دورے پر موجود ہے۔