زانگیلان ( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے نائب وزیر اعظم شاہین مصطفیٰیف نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک نے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا گیا اور اسے مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ روسی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کی دعوت دی گئی ہے اور انہیں آذربائیجان میں دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا گیا ہے، جبکہ باکو میں ہونے والے بزنس کونسل کے اجلاس میں مزید مواقع پیش کیے جائیں گے۔شاہین مصطفیٰیف کے مطابق ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم شعبہ ہے، کیونکہ آذربائیجان شمال جنوب اور مشرق مغرب راہداریوں کے سنگم پر واقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ آغبند پل اور سرحدی چوکی خطے میں اہم حیثیت رکھتے ہیں، جو روس سے آذربائیجان اور ایران کے راستے خلیجی ممالک تک سامان کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ راہداری آذربائیجان، ایران، نخچیوان اور ترکیہ کے درمیان مؤثر رابطہ فراہم کرتی ہے، جو مستقبل میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔