آذربائیجان اور او آئی سی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، 2027 میں باکو میں سربراہی اجلاس ہوگا
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے 26 اکتوبر کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون اور تنظیم کے آئندہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے مطابق جیہون بیراموف نے اسماعیل ولد شیخ احمد کو سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر دوبارہ مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں مسلم دنیا میں یکجہتی مضبوط بنانے، رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں او آئی سی کے کردار کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران آذربائیجان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کرنے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس حمایت کو بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔فریقین نے آئندہ سال او آئی سی کی صدارت سنبھالنے کے لیے آذربائیجان کی ترجیحات، 2027 میں باکو میں ہونے والے سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور سیاسی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ انسانی ہمدردی، موسمیاتی تبدیلی، نوجوانوں، ذرائع ابلاغ اور مسلم دنیا کو درپیش مسائل پر مشترکہ کوششیں تیز کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔