ترکیہ خبر

آذربائیجان اور چیک جمہوریہ کے درمیان تعاون کے فروغ پر اتفاق

آذربائیجان اور چیک جمہوریہ کے درمیان تعاون کے فروغ پر اتفاق

باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم آندرے بابیش کے دورہ آذربائیجان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ گابالا میں ہونے والی تعمیری ملاقاتیں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنیں گی۔صدر علییف نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ یہ بات قابلِ فخر ہے کہ چیک وزیر اعظم کا یہ یورپی یونین سے باہر پہلا سرکاری دورہ آذربائیجان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات قریبی ہیں اور آج کے تبادلہ خیال نے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ تجارتی حجم ایک مضبوط سطح پر ہے تاہم اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ اس مقصد کے لیے دورے کے موقع پر منعقد ہونے والا کاروباری فورم ایک اہم قدم ہے۔صدر علییف نے بتایا کہ دونوں ممالک نے مشترکہ بین الحکومتی اقتصادی کمیشن کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ توانائی، صنعت اور دیگر اہم شعبوں میں بہتر ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔انہوں نے دفاعی صنعت میں تعاون کو بھی قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے اس کے مزید فروغ کی امید ظاہر کی اور چیک وزیر اعظم کو سرکاری دورے کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ ادا کیا۔