آذربائیجان اور کمبوڈیا میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

آذربائیجان اور کمبوڈیا میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مانیٹ کے درمیان 12 اکتوبر کو وسیع وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر الہام علییف نے کمبوڈیا کے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دورۂ آذربائیجان کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ ادا کیا۔صدر علییف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی روابط خوشگوار ہیں اور ان تعلقات کو بنیاد بنا کر مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے جامع لائحۂ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا کے وزیراعظم کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی روابط کے نئے امکانات تلاش کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ پیداوار اور توانائی کے تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ صدر آذربائیجان نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دے کر شراکت داری کے نئے راستے کھول سکیں گے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.