بیجنگ…پاکستان اور چین نے مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی مثبت ہے اور حکومت مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔بیجنگ میں ہونگتا سیکورٹیز کے چیئرمین جِنگ فینگ سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیز کی پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ موڈیز نے ریٹنگ Caa2 سے Caa1، فچ نے CCC+ سے B- اور اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے CCC+ سے B- (مستحکم آٹ لک) تک اپ گریڈ کی ہے۔ملاقات میں کیپیٹل مارکیٹس میں تعاون اور مالیاتی شعبے کے تعلقات مضبوط کرنے کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط کو مزید گہرا کرنے پر کام کر رہا ہے اور اصلاحاتی عمل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔سینیٹر اورنگزیب نے مزید کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری پاکستان کی معیشت کے استحکام اور مالی تعاون کے فروغ کے لیے اہم ہے۔
پاکستان-چین مالیاتی تعاون مضبوط، معیشت پر مثبت پیش رفت
11