آذربائیجان …آذربائیجان کے ایک اعلی سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق، وفد کی قیادت آذربائیجان کے نائب وزیر اور ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس، عاگل گوربانوف کر رہے تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں، بالخصوص دفاعی تعاون، تربیت، تکنیکی مہارت اور فضائیہ کی جدیدیت پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ایئر چیف نے وفد کو پاک فضائیہ کے آپریشنل ڈھانچے، جاری منصوبوں اور مستقبل کے جنگی تقاضوں پر مبنی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کی فضائیہ کو تکنیکی مہارت بڑھانے، تربیت کے معیار کو بہتر بنانے اور مینٹیننس کے شعبے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔آذربائیجانی وفد کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں اس کی پیش رفت کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ وفد نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ مشقوں اور تربیتی سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا۔نائب وزیر دفاع نے کہا کہ آذربائیجان، ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، خصوصا ملٹی ڈومین آپریشنز میں تعاون کے لیے گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ آذربائیجان، پاک فضائیہ کے وسیع تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی فضائی قوت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ملکی فضائی تربیتی نظام کو دوبارہ تشکیل دیں گے، اور پاک فضائیہ کے تعاون کو اس عمل میں کلیدی حیثیت حاصل ہو گی۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
آذربائیجان کے دفاعی وفد کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ایئر چیف سے ملاقات
28