استنبول — ذرائع کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کا تیسرا دور اگلے ہفتے استنبول میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی TASS کے مطابق، مذاکرات کے لیے استنبول کو دونوں فریقین نے قابل قبول مقام قرار دیا ہے۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیر دفاع رستم عمروف نے روس کو تیسرا دور منعقد کرنے کی تجویز دی ہے۔ زیلنسکی نے ٹیلیگرام پیغام میں بتایا کہ قیدیوں کے تبادلے پر بھی بات چیت جاری ہے اور استنبول میں گزشتہ ملاقات میں طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔
زیلنسکی نے جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی پر زور دیا اور روس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیصلوں سے گریز کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ امن کے حصول کے لیے رہنماؤں کی سطح پر اجلاس ناگزیر ہے۔
ذرائع کے مطابق، مذاکرات کی تاریخوں پر ابھی اتفاق نہیں ہوا، تاہم دونوں ممالک کے سفارتی وفود مذاکراتی فریم ورک پر کام کر رہے ہیں، خصوصاً قیدیوں کے تبادلے کے معاملات پر پیشرفت جاری ہے۔