ترکیہ اس ہفتے آذربائیجان کے علاقے نخچیوان کو قدرتی گیس کی ترسیل شروع کرنے جا رہا ہے۔ وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بیرکتار نے اتوار کے روز اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ ترکیہ نے اگدیر-نخچیوان قدرتی گیس پائپ لائن مکمل کر لی ہے، جو اب نخچیوان کو قدرتی گیس فراہم کرے گی۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ہم نخچیوان کو قدرتی گیس فراہم کرنا شروع کر رہے ہیں اور اس پائپ لائن کا مکمل ہونا ترکیہ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب نخچیوان کو بھی قدرتی گیس کی برآمدات کی جائیں گی، اور یہ پائپ لائن ترکیہ کی قدرتی گیس کے نیٹ ورک کا ایک اور اہم حصہ بنے گی۔
اگدیر-نخچیوان پائپ لائن کا سنگ بنیاد 2023 کے آخر میں رکھی گئی تھی، جس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے شرکت کی تھی۔ اس پائپ لائن کے ذریعے سالانہ 500 ملین مکعب میٹر گیس کی ترسیل کی جائے گی۔ وزیر توانائی نے روس کے ساتھ تعاون کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ترکیہ نے روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک اور وزیر توانائی سرگئی سیویلیو کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ ان ملاقاتوں میں قدرتی گیس کی تجارت کے حجم کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیرکتار نے یہ بھی بتایا کہ روس اور ترکیہ کے درمیان قدرتی گیس کی ترسیل کے 40 سال مکمل ہونے والے ہیں، اور یہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ترکیہ اس ہفتے آذربائیجان کو قدرتی گیس کی ترسیل شروع کرے گا
160