ترکیہ کی پولیس نے استنبول میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی ہے جس میں 153 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس آپریشن کا نام “نارکوکاپان 14: شہید بورا بارش گلر” رکھا گیا، جو ترکیہ کے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول استنبول چیف پبلک پراسیکیوشن (Prosecutor) آفس، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کے اینٹی نارکوٹکس کرائمز ڈیپارٹمنٹ اور استنبول پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اینٹی نارکوٹکس کرائمز ڈویژن کے تعاون سے چلایا گیا تھا۔
استنبول کے مختلف اضلاع میں ایک ساتھ چھاپے مارے گئے، خاص طور پر گازی عثمان پاشا اور کاگی تھانے میں جہاں حکام نے بڑی مقدار میں نشہ آور اشیاء اور غیر قانونی ہتھیار ضبط کیے۔ اس کارروائی میں 153 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام نے اس کارروائی کے دوران 25.5 کلوگرام ہیروئن، 17 کلوگرام میتھامین، اور دیگر نشہ آور اشیاء جیسے کہ کوکین، اسکنک (Skunk)، اور نشہ آور گولیاں ضبط کیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی ہتھیار جیسے آتشیں اسلحہ، ایک پمپ ایکشن شاٹ گن اور بڑی مقدار میں ترک لیرہ اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔
وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے اس آپریشن کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور عوام سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کے لیے عوامی تعاون ضروری ہے اور شہریوں سے مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی درخواست کی۔ ترکیہ کی حکومت منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف آپریشنز کو مزید تیز کر رہی ہے تاکہ نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی جا سکے۔