پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، دفاع، توانائی، سائنس، اطلاعات، اور فنانس کے شعبوں میں 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوئے ہیں، اور تجارتی حجم کو بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، دونوں ممالک کے وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس دوران 24 مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں دفاع، تجارت، توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، معلومات، فنانس اور مذہبی امور کے شعبے شامل ہیں۔ ہر وزارت کے پاکستانی اور ترک وزیروں نے اسٹیج پر آ کر دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ “صدر ایردوان کو خوش آمدید کہتا ہوں، آپ کا دورہ پاکستان کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، ہمارے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں قومیں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی رہی ہیں۔” وزیراعظم نے مزید کہا کہ “ہماری شراکت داری نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط روابط ہیں۔”
صدر ایردوان نے کہا کہ “پاکستان میرے لیے دوسرا گھر ہے، اور ہمیں یہاں آ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔” انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہم اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں، اور ہم نے تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔” اس موقع پر صدر ایردوان نے پاکستانی قیادت کے ساتھ تجارتی امور اور دفاعی تعاون پر بھی بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ “پاکستان اور ترکیہ دونوں عظیم قومیں ہیں، اور ہم اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔”