ترکیہ نے 2024 میں سیاحت کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کی، جہاں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 52.6 ملین تک جا پہنچی اور سیاحتی آمدنی 61.1 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ترک شماریات ادارے (TurkStat) کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، سیاحوں کی آمد میں 7 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جو ترکیہ کی کامیاب سیاحتی پالیسیوں اور پرکشش سفری سہولیات کا نتیجہ ہے۔ملک کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے شہروں میں استنبول سرفہرست رہا، جہاں 18.6 ملین غیر ملکی سیاح آئے۔ انطالیہ نے 15.9 ملین سیاحوں کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ بلغاریہ اور یونان کی سرحد سے متصل ادرنہ میں 4.8 ملین سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ بحیرہ ایجیئن کے کنارے واقع موغلا بھی 3.7 ملین غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ نمایاں رہا، جہاں بودروم اور مارماریس جیسے مشہور تفریحی مقامات موجود ہیں۔
ترکیہ آنے والے سیاحوں میں سب سے بڑی تعداد روسی شہریوں کی رہی، جو 6.7 ملین کی تعداد کے ساتھ کل غیر ملکی سیاحوں کا 12.8 فیصد بنے۔ اس کے بعد 6.6 ملین جرمن سیاح ترکیہ پہنچے، جن کی تعداد میں 6.9 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ برطانوی سیاحوں کی آمد میں نمایاں 16.7 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 4.4 ملین برطانوی شہری ترکیہ کی سیاحت کے لیے آئے۔ ایرانی سیاحوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھی اور یہ 30.9 فیصد اضافے کے ساتھ 3.2 ملین تک جا پہنچی، جبکہ بلغاریہ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 2.9 ملین رہی۔
ترکیہ میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے سے ملکی معیشت کو نمایاں فروغ حاصل ہوا۔ 2024 میں سیاحتی آمدنی میں 18.3 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے یہ ریکارڈ 61.1 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔ اس شاندار کارکردگی کا سہرا ترکیہ کی مربوط سیاحتی حکمت عملیوں، جدید سفری سہولیات اور عالمی سطح پر کیے گئے سیاحتی اقدامات کو دیا جا رہا ہے۔یہ نتائج اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ ترکیہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک پسندیدہ ترین منزل بنتا جا رہا ہے، اور مستقبل میں مزید سیاحتی سہولیات، بہتر سفری تجربات اور جدید انفراسٹرکچر کی بدولت اس تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
2024 میں 61.1 ارب ڈالر کی آمدنی اور 52.6 ملین غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کے ساتھ ترکیہ نے سیاحت کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا
107