یوکرین کے وزیر خارجہ آندرے سیبیہا نے نیٹو سے اپیل کی ہے کہ ملک کی توانائی کی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے مزید 19 فضائی دفاعی نظام فوری فراہم کیے جائیں۔ یہ بیان نیٹو وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر برسلز میں منعقدہ نیٹو-یوکرین کونسل کے اجلاس کے بعد دیا گیا۔نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹ نے یوکرین کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور توانائی کے نظام کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ روس کو موسم سرما کو بطور ہتھیار استعمال کرنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ یوکرین کو موسم سرما کے سخت حالات سے نمٹنے کے لیے فوجی امداد، بالخصوص فضائی دفاعی نظام کی فراہمی ضروری ہے۔
سیبیہا نے کہا کہ روس یوکرین کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنا کر انہیں “ہتھیار” بنا رہا ہے، اور ان کے تحفظ کے لیے مزید فضائی دفاعی نظام ناگزیر ہیں۔ انہوں نے نیٹو سے ٹھوس اور مضبوط اقدامات کی درخواست کی تاکہ یوکرین اپنے بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کر سکے اور سرد موسم کے اثرات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو۔سیبیہا نے مزید کہا کہ “ہمیں فوری فیصلوں اور جغرافیائی سیاسی یقین دہانیوں کی ضرورت ہے جو یوکرین کو مضبوط بنائیں اور ملک کی دفاعی صلاحیت کو بہتر کریں۔