انقرہ میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کی 77ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک شاندار استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی پاکستان کے سفیر یوسف جنید نے کی، جس میں غیر ملکی سفارت کاروں، ترک حکام، اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی روابط کی تعریف کی اور اس باہمی تعاون کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صدیوں پر محیط مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور مستقبل میں بھی یہ تعلقات اسی طرح جاری رہیں گے۔
ترک پارلیمان کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن دریا یانک نے اپنے خطاب میں دنیا بھر میں ایک دوسرے کے مسائل پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین، جیسے اک پارٹی کے رکن اسمبلی برہان قایاترک اور سابق وزیر صحت رجب اک داع نے بھی پاکستان اور ترکیہ کے گہرے تعلقات کو “دل سے دل کا رشتہ” قرار دیا۔
پاکستانی سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، اور یہ باہمی اعتماد اور بھائی چارے کا مظہر ہے۔ استقبالیہ میں پاکستانی کھانے بھی پیش کیے گئے، جو مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنے۔