ایردوان نے عمان کے سلطان کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش ظاہر کی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
دونوں رہنماؤں نے معیشت، صنعت، سرمایہ کاری، صحت، زراعت اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں 10 معاہدوں پر دستخط کیے اور مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ صدر ایردوان نے لبنان میں امن و استحکام کے لیے ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ غزہ اور لبنان میں قیام امن کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
سلطان ہیثم بن طارق نے خطے میں استحکام کے قیام کو سب کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیا اور عمان کی جانب سے علاقائی تعاون اور ترکیہ کے موقف کی حمایت کا اعادہ کیا۔