وزیرِاعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نائب وزیرِ داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود نے ملاقات کی، جس میں وزیرِاعظم نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِاعظم نے سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور وزیرِاعظم محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ نائب وزیرِ داخلہ اور ان کے وفد کا دورہ دفاعی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔